نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے مبینہ طور پر جعلی ویب سائٹ کے ذریعے امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کرکے امریکی پوسٹل سروسز کو 126 ملین ڈالر کا نقصان پہنچانے کے الزام میں فہیم اکرم نامی ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے عاطف امیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ خانیوال سے تعلق رکھنے والے ملزم نے مبینہ طور پر جعلی ویب سائٹ تیار کرکے تقریباً تین سال تک امریکی پوسٹل سروسز کے نظام کو بائی پاس کیا اور اس ذریعے سے لاکھوں جعلی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے۔

عاطف امیر کے مطابق این سی سی آئی اے کے سائبر یونٹ نے 6 اکتوبر کو اس کیس کی نشاندہی کی تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مبینہ طور پر غیر ملکی پوسٹل کمپنی کے نظام کو بائی پاس کرکے تقریباً 50 لاکھ ڈاک ٹکٹ فروخت کیے گئے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے نے بتایا کہ اس مبینہ فراڈ سے امریکی پوسٹل سروسز کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ 126 ملین ڈالر لگایا گیا ہے، جو پاکستانی کرنسی میں 35 ارب روپے سے زائد بنتا ہے۔ ان کے مطابق مبینہ سرگرمیوں کے لیے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے گئے۔

عاطف امیر کا کہنا تھا کہ ملزم کی تلاش اور گرفتاری کے لیے 10 روز تک کارروائی جاری رہی، جس کے بعد فہیم اکرم کو گرفتار کرلیا گیا۔ ان کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

حکام کے مطابق کیس میں مبینہ فراڈ کے طریقۂ کار، مالی لین دین اور استعمال ہونے والے اکاؤنٹس سے متعلق مزید حقائق تفتیش کے دوران سامنے آئیں گے۔ ملزم پر عائد الزامات کی حتمی حیثیت کا تعین قانونی کارروائی اور عدالتی فیصلے کے بعد ہوگا۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار