یومِ آزادی میں ایک روز باقی رہ گیا ہے اور ملک بھر میں جشنِ آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ ہر طرف سبز ہلالی پرچموں، جھنڈیوں اور قومی رنگوں کی بہار دکھائی دے رہی ہے۔

14 اگست کو پاکستان کا یومِ آزادی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منانے کیلئے شہری تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس سمیت ملک بھر کی اہم سرکاری عمارتوں کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے، جبکہ گھروں، دکانوں اور عمارتوں پر قومی پرچم لہرا دیے گئے ہیں۔

جشنِ آزادی کے سلسلے میں لگائے گئے عارضی بازاروں اور اسٹالز پر بھی گہما گہمی بڑھ گئی ہے۔ بڑے اور چھوٹے قومی پرچم، جھنڈیاں، بیجز، ٹوپیاں، گھڑیاں اور بچوں کیلئے مختلف قومی اشیاء شہریوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

شہری اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو سجانے کیلئے قومی پرچم اور جھنڈیاں خرید رہے ہیں، جبکہ گھروں کو سجانے کیلئے بھی بڑی تعداد میں سبز ہلالی پرچم خریدے جا رہے ہیں۔ خواتین اور بچیاں سبز و سفید چوڑیوں، جیولری اور دیگر قومی رنگوں کی اشیاء میں دلچسپی لے رہی ہیں۔

بچوں کیلئے سبز اور سفید ملبوسات بھی خاص کشش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ بچیاں سبز و سفید فراکس اور جیولری جبکہ بچے چاند تارے والی شرٹس خرید رہے ہیں۔

بچوں کا کہنا ہے کہ وہ یومِ آزادی بھرپور جوش کے ساتھ منائیں گے اور سبز و سفید لباس پہن کر دوستوں کے ساتھ جشن میں شریک ہوں گے۔

والدین کا کہنا ہے کہ بچوں کو جشنِ آزادی کی خوشیوں میں شریک کرنے کے ساتھ انہیں آزادی کی اہمیت اور وطن سے محبت کے بارے میں آگاہ کرنا بھی ضروری ہے۔

دوسری جانب یومِ آزادی کیلئے قائم عارضی اسٹالز پر شہریوں کی بڑھتی ہوئی خریداری سے دکاندار بھی خوش ہیں اور انہیں کاروبار میں تیزی کی امید ہے۔

 

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار