دوسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کی جارحانہ بیٹنگ جاری، پاور پلے میں چھکوں چوکوں کی برسات
اہور: قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔
دوسرے ہی اوور میں صاحبزادہ فرحان کی وکٹ گرنے کے باوجود کپتان سلمان علی آغا اور صائم ایوب نے آسٹریلوی بولرز کی دھلائی جاری رکھی۔ صائم ایوب چھٹے اوور میں 11 گیندوں پر 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان نے پاور پلے کے 6 اوورز میں 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 2 وکٹوں کے نقصان پر 72 رنز اسکور کیے۔ بعد ازاں بابر اعظم صرف 2 رنز بنا کر ایڈم زیمپا کا شکار بن گئے، تاہم کپتان سلمان علی آغا نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور 25 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی۔
یہ ریکارڈ محمد حفیظ کی 23 گیندوں پر نصف سنچری کے بعد کسی بھی پاکستانی کپتان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دوسری تیز ترین نصف سنچری ہے۔ پاکستان نے 10 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنا لیے ہیں۔



Leave A Comment