پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹیسٹ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی
پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
پورٹ آف اسپین میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 103 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر کیا، تاہم پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری ٹیم کو 117 رنز پر ڈھیر کر دیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیویم ہوج 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ٹیگنارائن چندرپال اور روسٹن چیز نے 17، 17 رنز بنائے۔ برینڈن کنگ انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے نہ آ سکے۔
پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 75 رنز کا ہدف ملا، جو قومی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر آسانی سے حاصل کر لیا۔ عبداللہ شفیق اور کپتان بابر اعظم دونوں 24، 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ اذان اویس 18 اور امام الحق 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے اسپنرز علی عثمان اور ساجد خان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ایک وکٹ محمد علی کے حصے میں آئی۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 344 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں پاکستان نے عبداللہ شفیق کے ناقابل شکست 160، بابر اعظم کے 88، اذان اویس کے 55 اور ساجد خان کے 30 رنز کی بدولت 387 رنز بنا کر 43 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے سیریز 1-1 سے برابر کر لی ہے۔
_2026_08_06_09_04_36_54317586.jpg)


Leave A Comment