ماسکو سے پاکستانی کراٹے ٹیم کے فرار کی افواہیں بے بنیاد، کھلاڑی کل وطن واپس روانہ ہوں گے
ماسکو: پاکستان سے تعلق رکھنے والی کشن کان کراٹے کی چار رکنی ٹیم کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہیں بے بنیاد قرار دے دی گئی ہیں، ٹیم کل پاکستان کے لیے روانہ ہو جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ٹیم 28 فروری کو مقابلوں میں شرکت کے لیے Moscow پہنچی تھی جہاں اس نے کراٹے کے مقابلوں میں حصہ لیا۔ ٹیم میں کوچ نور اسلم جبکہ کھلاڑیوں میں رحمان علی، عرفان خان اور عابد رضا شامل ہیں۔
مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بیسٹ پرفارمنس کی ٹرافیاں بھی حاصل کیں، تاہم وہ فائنل مرحلے تک رسائی حاصل نہ کر سکے۔
ذرائع کے مطابق مقابلوں کے بعد ٹیم کی وطن واپسی 3 مارچ کو طے تھی، لیکن فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے باعث متعلقہ ایئر لائن نے ان کے ٹکٹ منسوخ کر دیے۔ کھلاڑیوں کے ویزے 6 مارچ تک کارآمد تھے جس کے باعث ٹیم کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔
اس دوران ٹیم کے ارکان نے Embassy of Pakistan in Moscow سے رابطہ کیا اور پاکستان کے سفیر Faisal Niaz Tirmizi سے ملاقات کی۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی وطن واپسی کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
سفارت خانے نے کارروائی کرتے ہوئے ٹیم کے لیے 6 مارچ کی نئی ٹکٹوں کا انتظام کر دیا، جس کے بعد کھلاڑی کل پاکستان کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔
دوسری جانب پاکستان میں سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ کراٹے ٹیم ماسکو سے مبینہ طور پر یورپ فرار ہو گئی ہے، تاہم سفارتی ذرائع نے ان خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ٹیم کے تمام ارکان روس میں موجود ہیں اور باقاعدہ طور پر وطن واپسی کی تیاری کر رہے ہیں۔
سفارتی حکام نے کہا ہے کہ بے بنیاد افواہوں سے کھلاڑیوں اور ان کے اہل خانہ کو ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا، اس لیے ذمہ دارانہ صحافت اور مصدقہ معلومات کی اشاعت کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
_2026_03_06_14_33_48_62278168.jpg)


Leave A Comment