ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں سمارٹ میٹرز لگانے کا فیصلہ،
حکومت نے ملک بھر کی تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) میں سمارٹ میٹرز نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ منصوبے کے لیے عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت کثیرالجہتی مالیاتی اداروں سے اربوں ڈالر کے قرضے حاصل کرنے کے لیے مذاکرات کیے جائیں گے۔
حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد چیمہ کی زیر صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسکوز کے ترقیاتی پروگراموں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تمام تقسیم کار کمپنیوں کے ٹرانسفارمرز پر سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے لیے فنڈز کے انتظام سے متعلق اقتصادی امور ڈویژن کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت نے ملک بھر کی تمام ڈسکوز میں سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے لیے کثیرالجہتی مالیاتی اداروں سے اربوں ڈالر کے قرضے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اس منصوبے کی مالی معاونت کے لیے حکومت عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے ساتھ مذاکرات کرے گی۔



Leave A Comment