ایس ایم ایز کے قرضوں میں 33 فیصد اضافہ، فنانسنگ 943 ارب روپے تک پہنچ گئی
اسلام آباد: پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے قرضوں کی فراہمی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں ان قرضوں کا حجم 943 ارب روپے تک پہنچ گیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ فنانسنگ ڈیٹا کے مطابق سال 2026 کی دوسری سہ ماہی میں ایس ایم ایز کو فراہم کیے گئے قرضوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 33 فیصد اضافہ ہوا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو قرضوں کی فراہمی بڑھانے کے لیے فنانسنگ کا ہدف ڈیڑھ کھرب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد کاروباری شعبے کی مالی ضروریات پوری کرنے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے قرضوں تک رسائی بہتر بنانا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی میں اضافے کے ساتھ قرضوں کا انفیکشن ریشو بھی کم ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق یہ شرح 23 فیصد سے کم ہو کر 11.7 فیصد پر آگئی، جسے قرضوں کی ادائیگی کے معیار میں بہتری کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے نان پرفارمنگ لونز کا حجم 80 ارب سے 125 ارب روپے کے درمیان رہا۔
معاشی ماہرین کے مطابق ایس ایم ایز کے لیے قرضوں کی فراہمی میں اضافہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری میں بہتری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ تاہم مقررہ فنانسنگ ہدف حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ کاروباری اداروں کو آسان شرائط پر قرضے اور مالیاتی سہولتوں تک بہتر رسائی فراہم کی جائے۔
چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کے لیے مالی وسائل کی دستیابی کاروباری ترقی اور معاشی سرگرمیوں کے تسلسل میں اہمیت رکھتی ہے



Leave A Comment