صدر ہاکی فیڈریشن میر طارق حسین بگٹی کا استعفیٰ، کپتان عماد شکیل بٹ پر دو سالہ پابندی عائد
لاہور: پرو ہاکی لیگ کے آسٹریلیا میں منعقدہ دوسرے مرحلے کے دوران قومی ٹیم کی ناقص رہائش اور خوراک کے معاملے نے سنگین صورت اختیار کر لی، جس کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اپنا استعفیٰ وزیرِ اعظم شہباز شریف کو ارسال کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرو لیگ کے لیے مختص فنڈز پاکستان اسپورٹس بورڈ کے پاس تھے، تاہم بروقت ادائیگی نہ ہونے کے باعث آسٹریلیا میں ٹیم کو رہائش اور دیگر سہولیات کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
صدر فیڈریشن نے بدانتظامی کا ذمہ دار پاکستان اسپورٹس بورڈ کو قرار دیتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ پر ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل ہاکی کھیلنے پر دو سال کی پابندی عائد کرنے کا اعلان بھی کیا۔ ان کا مؤقف تھا کہ سوشل میڈیا پر افواہوں اور یکطرفہ بیانات سے معاملہ مزید خراب ہوا۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی جانب سے ہاکی کے فروغ کے لیے 25 کروڑ روپے جاری کیے گئے، تاہم انتظامی رکاوٹوں کے باعث رقم بروقت استعمال نہ ہو سکی۔ انہوں نے وزیرِ اعظم اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم کے کپتان نے آسٹریلیا سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو میں سہولیات کی کمی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد وزیرِ اعظم کی جانب سے فوری نوٹس لیا گیا۔
Slug (Short English):
_2026_02_19_14_29_33_81413575.jpg)


Leave A Comment