پنجاب میں پرائمری تعلیم کا نظام تبدیل، ایکٹیویٹی بیسڈ کتابیں متعارف کرانے کا فیصلہ
پنجاب میں پرائمری سطح پر تدریس کے نظام میں اہم تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے پانچویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے نئی طرز کی ایکٹیویٹی بیسڈ کتابیں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پیکٹا حکام کے مطابق نئی کتابیں 2027 کے نئے تعلیمی سیشن سے نصاب کا حصہ بنائی جائیں گی، جبکہ نئے کریکولم کے مطابق کتابوں کی تیاری کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ پانچویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے کتابوں کا نیا ایکٹیویٹی بیسڈ نظام تیار کیا جا رہا ہے، جس میں روایتی تدریسی طریقہ کار کے بجائے سرگرمیوں کے ذریعے تعلیم دینے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
پیکٹا کے مطابق نئے نظام کا بنیادی مقصد طلبہ کو روایتی رٹہ سسٹم سے نکال کر ان کی عملی، تخلیقی اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔
نئی کتابوں کے ذریعے پرائمری کلاسز میں طلبہ کو عملی سرگرمیوں پر مبنی تعلیم فراہم کی جائے گی، جبکہ نصابی مواد کو روزمرہ زندگی سے جوڑنے اور بہتر انداز میں سمجھنے کے مواقع بھی بڑھائے جائیں گے۔
حکام کے مطابق نئے کریکولم کے تحت کتابوں کی تیاری جاری ہے اور پنجاب کے سرکاری تعلیمی اداروں میں نئی طرز کی کتابوں کے ذریعے تدریس کا باقاعدہ آغاز 2027 کے تعلیمی سیشن سے ہوگا۔


(1)_2026_08_17_11_36_22_11411355.jpg)
Leave A Comment