پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سکول ایجوکیشن نے صوبے بھر کے تمام نجی اسکولوں میں 10 فیصد مستحق بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔

کمیٹی نے محکمہ سکول ایجوکیشن کو ہدایت کی ہے کہ 10 روز کے اندر تمام نجی تعلیمی اداروں میں 10 فیصد مفت تعلیم کا نفاذ یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر قانون کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کے لائسنس منسوخ کر دیے جائیں گے۔

اجلاس کے دوران انکشاف کیا گیا کہ متعلقہ قانون موجود ہونے کے باوجود بیشتر نجی اسکول 10 فیصد مفت تعلیم کی شرط پر مکمل عملدرآمد نہیں کر رہے۔

کمیٹی ارکان نے تجویز دی کہ مستحق بچوں کی نشاندہی اور داخلوں کا عمل محکمہ سکول ایجوکیشن خود انجام دے، جبکہ نجی اسکولوں کی فراہم کردہ معلومات پر انحصار کرنے کے بجائے آزادانہ تصدیقی نظام بھی قائم کیا جائے تاکہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔

اس موقع پر سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے بتایا کہ صوبے بھر کے تمام نجی اسکولوں کا جامع ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا تاکہ قانون پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کرایا جا سکے اور مستحق بچوں کو مفت تعلیم کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار