سعودی عرب میں قوانین کی خلاف ورزی پر 14 ہزار غیر ملکی گرفتار
ریاض: سعودی عرب میں اقامہ، بارڈر سکیورٹی اور لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر ایک ہفتے کے دوران 14 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق 6 سے 12 اگست کے دوران مملکت کے مختلف علاقوں میں مشترکہ سکیورٹی کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران اقامہ قانون کی خلاف ورزی پر 7,216، بارڈر سکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 3,843 جبکہ لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر 3,483 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
حکام کے مطابق مملکت میں غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے کی کوشش کرنے والے 1,457 افراد بھی گرفتار ہوئے، جن میں 32 فیصد یمنی، 67 فیصد ایتھوپیائی اور ایک فیصد دیگر ممالک کے شہری شامل ہیں۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق غیر قانونی طریقے سے مملکت سے باہر جانے کی کوشش کرنے والے 19 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سہولت، پناہ، روزگار یا پردہ پوشی فراہم کرنے کے الزام میں تقریباً 22 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق کارروائیوں کے نتیجے میں 12,945 افراد کو ڈی پورٹ بھی کیا گیا ہے۔
سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ اقامہ، لیبر اور بارڈر سکیورٹی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف سکیورٹی کارروائیاں جاری رہیں گی۔



Leave A Comment