سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے دنیا بھر کے کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے آمدنی کا نیا نظام متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کاپی شدہ، چوری شدہ اور غیر معیاری مواد کی حوصلہ شکنی کا فیصلہ کیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے کریئیٹرز کو بھیجے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق نئے نظام کو اوریجنل کانٹینٹ ریوارڈز پروگرام کا نام دیا گیا ہے، جس کا مقصد اصل اور معیاری مواد تخلیق کرنے والے کریئیٹرز کو مالی فوائد فراہم کرنا ہے۔

ایکس کے مطابق 7 ستمبر 2026 کو موجودہ ایڈز ریوینیو شیئرنگ پروگرام مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا، جبکہ 8 ستمبر 2026 سے نئے اوریجنل کانٹینٹ ریوارڈز پروگرام کے لیے درخواستوں کی وصولی شروع ہو گی۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ جن صارفین کی شناختی تصدیق پہلے ہی مکمل ہو چکی ہے اور ادائیگی کا ذریعہ منسلک ہے، انہیں یہ مراحل دوبارہ مکمل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ایسے صارفین اپنے کریئیٹر اسٹوڈیو میں جا کر کسی بھی وقت اپنی اہلیت چیک کر سکیں گے۔

پاکستان سمیت بعض دیگر ممالک میں ایکس کی مونیٹائزیشن کے آغاز کے بعد پلیٹ فارم پر کاپی شدہ مواد کے رجحان میں اضافہ دیکھا گیا۔ آمدنی حاصل کرنے کی دوڑ میں متعدد اکاؤنٹس نے بڑی تعداد میں ویڈیوز اور پوسٹس شیئر کرنا شروع کر دیں۔

بعض صحافیوں اور کانٹینٹ کریئیٹرز نے ایسی ٹیمیں بھی تشکیل دیں جن کا کام ٹی وی چینلز کی براہِ راست نشریات سے ویڈیو کلپس تیار کرکے فوری طور پر ایکس پر اپ لوڈ کرنا تھا، جبکہ کئی صارفین ٹک ٹاک، فیس بک اور انسٹاگرام سمیت دیگر پلیٹ فارمز سے وائرل ویڈیوز ڈاؤن لوڈ کرکے ایکس پر دوبارہ شائع کرتے رہے۔

اس صورتحال کے باعث ایکس پر کاپی شدہ اور غیر معیاری مواد کی بھرمار کے حوالے سے سوالات اٹھتے رہے کہ پلیٹ فارم پر حقیقی معنوں میں اصل مواد تیار کرنے والے کریئیٹرز کی تعداد کتنی ہے اور کتنے صارفین دوسروں کے مواد کو دوبارہ شائع کرکے آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔

نئے ریوارڈز پروگرام کے ذریعے ایکس کی جانب سے اصل مواد کی حوصلہ افزائی اور کاپی شدہ مواد سے پیدا ہونے والے مسائل پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار